Jazba-e-zeest ko shola nahi hony dety - Poet Abid Maroof Mughal |
غزل
جذبہءزیست کو شعلہ نہیں ہونے دیتا
وُہ سرِ بزم تماشا نہیں ہونے دیتا
اس طرح مان سلامت وُہ مِرا رکھتا ہے
وُہ کِسی طور بھی جھگڑا نہیں ہونے دیتا
اُس کے بے تاب اُجالے ہیں مِری قسمت میں
چاند آنگن میں اَندھیرا نہیں ہونے دیتا
ہر گھڑی زیست کے جذبوں کو جواں رکھتا ہے
وُہ مِرے پیار کو بوڑھا نہیں ہونے دیتا
وُہ مکمل ہے مِرے خوابِ جہاں کی مانند
ایک لمحے کو اَدھُورا نہیں ہونے دیتا
نقشِ ماضی کو مٹانے میں لگا رہتا ہوں
ہجر کا زَخم زیادہ نہیں ہونے دیتا
اپنی منزل کو کبھی سامنے دیکھوں عابد
میرا رہبر ہے کہ ایسا نہیں ہونے دیتا
عابد معروف مغل
0 Comments